ربیع الاول کے چاند سے متعلق اعلان

کراچی (24 اگست 2025): ربیع الاوّل کا چاند نظر نہیں آیا یکم ربیع الاول منگل 26 اگست کو جب کہ جشن ولادت رسول ﷺ ہفتہ 6 ستمبر کو منایا جائے گا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں محکمہ موسمیات کے دفتر میں چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت ہوا جب کہ صوبائی درالحکومتوں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے۔

اجلاس کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر اؔزاد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ماہ ربیع الاول کا چاند نظر نہ آنے کا باضابطہ اعلان کیا۔

چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آج اکثر مقامات پر مطلع ابر آلود رہا اور ملک کے کسی بھی مقام سے چاند دیکھنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔

مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ملک کے کسی بھی حصے سے چاند دیکھنے کی شہادت نہ ملنے پر آج ربیع الاول کا چاند نظر نہ آنے کا باضابطہ اعلان کیا جاتا ہے۔ یکم ربیع الاول منگل 6 اگست کو ہوگئی جب کہ 12 ربیع الاول (جشن عید میلاد النبی ﷺ) ہفتہ 6 ستمبر کو ہوگی۔

خیال رہے عید میلاد النبی ﷺ مسلمانوں کے لیے ایک اہم موقع ہے کیونکہ اہل ایمان اس دن رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت کا دن جوش وخروش سے مناتے ہیں۔ اس دن ریلیاں، جلسے، جلوس اور محافل میلاد کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ علما نبی کریم ﷺ کی شان بیان کرتے جب کہ نعت خواں بارگاہ رسالت ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کرتے ہیں۔