اسلام آباد : پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان 6 معاہدوں اور مفاہمتی یاد داشتوں پر دستخط ہوگئے، پاکستان نے بنگلہ دیشی طلبہ کے وظائف کی تعداد 5 سے بڑھا کر 25 کردی۔
تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے 13 برس بعد ڈھاکا کے پہلے سرکاری دورے کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ پاکستان کا کہنا ہے کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار 23 سے 24اگست بنگلا دیش کے دورے پر ڈھاکا پہنچے ہیں۔
اس موقع پر نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ کی بنگلادیشی مشیر خارجہ محمد توحید حسین سے ملاقات ہوئی، چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے بھی اسحاق ڈار نے اہم ملاقات کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور اقتصادی امور پر کمرشل ایڈوائزر شیخ بشیر الدین سے گفتگو کی گئی۔
اسحاق ڈار سے بنگلادیشی نیشنلسٹ پارٹی، جماعت اسلامی اور نیشنل سٹیزن پارٹی کے وفود نے بھی ملاقاتیں کی۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 6 معاہدوں اور مفاہمتی یاد داشتوں پردستخط کیے گئے۔
معاہدوں اور مفاہمتی یاد داشتوں پر دستخط کی تقریب ڈھاکہ میں ہوئی جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور بنگلا دیش کے مشیر برائے خارجہ امور محمد توحید حسین بھی شریک ہوئے۔
تقریب میں سفارتی وسرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزا ختم کرنے کا معاہدہ طے پا گیا اور تجارت کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان اوربنگلادیش کی اسٹریٹجک اسٹڈیزانسٹی ٹیوٹس کے درمیان تعاون کامعاہدہ کیا گیا، دونوں ممالک کی فارن سروس اکیڈمیوں کے درمیان تعاون کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
اس کے علاوہ اے پی پی اور بنگلادیش سانگباد سنگستھا کے درمیان تعاون کی مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کیے گئے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ثقافتی تبادلوں کا پروگرام طے پا گیا۔
پاکستان بنگلادیش نالج کوریڈور منصوبے کا آغاز کیا گیا، 5سال میں 500 بنگلادیشی طلبہ کو پاکستان میں وظائف دیے جائیں گے۔
100بنگلادیشی سول سرونٹس کے لیے پاکستان میں تربیتی کورسز کا اعلان کیا گیا، پاکستان نے وظائف کی تعداد 5 سے بڑھا کر 25 کرنے کا اعلان کیا۔
غزہ اور روہنگیا مسئلے پر پاکستان اور بنگلادیش کی یکساں تشویش کا اظہار کیا گیا، سارک کو فعال بنانے اور علاقائی تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار نے بیگم خالدہ ضیا اور ڈاکٹر شفیق الرحمان کی عیادت کی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے دونوں رہنماؤں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
اس موقع پر پاکستان نے بنگلادیش کے ساتھ تعلقات کو عوامی فائدے کے لیے مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
https://urdu.arynews.tv/bangladesh-pakistan-strengthen-relations-bangladesh-foreign-ministry/