بھارت نے 15 پاکستانی ماہی گیروں کو گرفتار کرلیا

بھارت نے 15 پاکستانی ماہی گیروں کو گرفتار کرلیا

سجاول : بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس نے 15 پاکستانی ماہی گیروں کو گرفتار کر لیا، گرفتار ماہی گیروں کا تعلق تحصیل جاتی کے گاؤں عمر بھریو کامرو سے ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) نے ضلع سجاول سے تعلق رکھنے والے 15 پاکستانی ماہی گیروں کو کوری کریک کے قریب سے گرفتار کر کے ان کی انجن لگی کشتی قبضے میں لے لی، گرفتار ماہی گیروں کا تعلق تحصیل جاتی کے گاؤں عمر بھریو کامرو سے ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ بی ایس ایف نے کشتی سے 60 کلو مچھلی، 9 جال، موبائل فون اور دیگر سامان بھی ضبط کر لیا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ گرفتار افراد میں حمزو ولد عبداللہ، عبدالغفور ولد آچر، احمد ولد خمیسو، فیاض ولد حسین، انصار ولد رمضان، عبدالجبار ولد عثمان، آدم ولد رمضان، زینل ولد میر محمد، سلیم ولد ابراہیم، اشرف ولد غنی، عرس ولد یعقوب، محمد بچل ولد غلام محمد، اسحاق ولد پنہل، کریم بخش ولد اوڈھو اور مشتاق ولد آچر بھریو شامل ہیں۔

ان گرفتاریوں کے بعد بھارتی جیلوں میں قید ضلع سجاول کے ماہی گیروں کی تعداد بڑھ کر 48 ہو گئی ہے۔

پاکستان فشر فوک فورم کے چیئرمین مہران علی شاہ، سینیئر وائس چیئرپرسن یاسمین شاہ اور وائس چیئرمین نور محمد تھہیمور نے اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہی ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ گرفتار ماہی گیروں کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور پاکستان و بھارت کے درمیان ماہی گیروں کی حفاظت کے لیے مستقل لائحہ عمل تیار کیا جائے۔