پاکستان کے یونیسیف سے رابطے رنگ لے آئے، بھارت کی جانب سے ویکسین کی فراہمی روکنے کا معاملہ حل

پاکستان کے یونیسیف سے رابطے رنگ لے آئے، بھارت کی جانب سے ویکسین کی فراہمی روکنے کا معاملہ حل

اسلام آباد : یونیسیف کے دباو پر سیرم انسٹیٹیوٹ آف انڈیا کے ہوش ٹھکانے آگئے ، بھارت کی جانب سے ویکسین کی سپلائی شروع کردی، یونیسیف پاکستان کوویکسین کی سپلائی رواں ہفتےشروع کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے پاکستان کیلئے پولیو، خسرہ اور ٹائیفائیڈ سمیت مختلف ویکسین کی فراہمی روکنے کے معاملے پر پاکستان کے یونیسیف سے رابطے رنگ لے آئے۔

وزارت صحت کے ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان کی درخواست پر یونیسیف کی بروقت مداخلت کے بعد بھارتی کمپنی نے ویکسین کی سپلائی دوبارہ شروع کر دی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستان نے ویکسین کی تاخیر پر یونیسیف سے رابطہ کیا تھا اور فوری فراہمی کی اپیل کی تھی، یونیسیف نے پاکستان کیلئے 27 ارب روپے مالیت کی ویکسین بھارت کی کمپنی سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (SII) سے خریدی تھی، جن میں پولیو، خسرہ، روبیلا، ٹائیفائیڈ، ہیضہ، بی سی جی، پینٹا ویلنٹ اور نمونیا ویکسین شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کیلئے 17 ملین سے زائد ڈوز خریدی گئی ہیں، جن کی لاگت کا 60 فیصد حصہ یونیسیف جبکہ 40 فیصد پاکستان نے ادا کیا ہے۔ یہ ویکسین جولائی کے آغاز پر فراہم کی جانی تھیں، تاہم بھارتی کمپنی نے دانستہ تاخیری حربے استعمال کیے۔

ذرائع نے کہا کہ کمپنی کو جب معلوم ہوا کہ خریداری پاکستان کیلئے ہے تو اس نے جان بوجھ کر ترسیل میں رکاوٹ ڈالی۔

ذرائع کے مطابق کہ پاکستان کی درخواست پر یونیسیف نے معاملہ فوری طور پر حل کرایا اور ایس آئی آئی نے ویکسین کی فراہمی بحال کر دی ہے، ویکسین کی ترسیل رواں ہفتے پاکستان کو شروع ہو جائے گی۔