اسلام آباد : بارش برسانے والا سسٹم پاکستان میں داخل ہوگیا ، جس کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بارش برسانے والا سسٹم بلوچستان، خیبر پختونخوا، شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر میں داخل کیا، جس کے باعث اگلے 2 سے 4 گھنٹوں کے دوران قلات، خضدار، خاران، آواران، پنجگور اور گوادر میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوہلو، ڈیرہ بگٹی، قلعہ سیف اللہ، بارکھان اور ڈیرہ غازی خان سمیت قریبی پہاڑی علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔
اسی طرح خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ مالاکنڈ، سوات، بونیر اور دیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے محفوظ رہا جاسکے۔
مزید پڑھیں : مون سون بارشوں کے ایک اور طاقتور اسپیل کی پیش گوئی
یاد ہے این ڈی ایم اے کے الرٹ میں کہا گیا تھا کہ 30 اگست تک ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کا خدشہ ہے۔
اسلام آباد، کشمیر، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں آندھی اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ کے پی کے پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں رابطہ سڑکوں کے متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔
سندھ کے اضلاع کراچی، ٹھٹہ، سجاول، بدین اور تھرپارکر میں بھی 27 سے 30 اگست تک شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔