بھارت کے معروف گلوکار سونو نگم نے لیجنڈ گلوکار عطا اللہ عیسیٰ خیلوی کا شکریہ ادا کردیا۔
گلوکار سونونگم کا کیریئر کئی دہائیوں پر محیط ہے، ان کے چند مشہور گانوں میں کل ہو نہ ہو، سورج ہوا مدھم اور سندے سے آتے ہیں ودیگر شامل ہیں۔
حال ہی میں سونو نگم فریدون شہریار کے انٹرویو میں نظر آئے جس میں انہوں نے عطا اللہ عیسیٰ خیلوی کے لیے شکریہ ادا کیا اور اپنے خصوصی جذبات کا اظہار کیا۔
بھارتی گلوکار نے اپنے کیریئر کا آغاز عطا اللہ کے مشہور گانے ’اچھا سلا دیا تو نے میرے پیار کا‘ سے کیا اور اپنی کامیابی کا سہرا بھی لیجنڈ گلوکار کو دیا۔
یہ پڑھیں: سونو نگم ننھی پاکستانی گلوکارہ ہادیہ ہاشمی کی آواز سُن کر رو پڑے
سونو نگم نے کہا کہ یقینی طور وہ میری زندگی میں بہت اہمیت رکھتے ہیں، جب میرا کیریئر ان کے گانوں سے شروع ہوا، تو انہوں نے مجھے فون کیا اور کہا، ‘مسٹر سونو، میں پاکستان سے عطا اللہ عیسیٰ خیلوی ہوں، اور میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپ نے اسے بہت اچھا گایا تھا۔’
انہوں نے کہا کہ میں اس وقت صرف انیس سال کا تھا جو ان سب لوگوں کے لیے دعائیں کر رہا تھا۔ میری کامیابی میں حصہ ڈالا، میں ان کا مقروض ہوں میں اپنی تمام کامیابیوں کا سہرا ان کو دیتا ہوں، اور اچھا سلا میرے کیریئر کا اہم موڑ تھا، ایک ایسا گانا جسے ہندوستان کے ہر فرد نے سنا۔