ممبئی (26 اگست 2025): بالی وڈ کے سُپر اسٹار سنجے دت کی فیملی میں مبینہ جھگڑے سے متعلق بیٹی تریشالا کی پوسٹ نے سب کو حیران کر دیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق تریشالا کی انسٹاگرام پوسٹ اس وقت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہے جس نے بحث چھیڑ دی کیونکہ اس میں فیملی کے افراد کے درمیان تعلقات کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔
سنجے دت کی بیٹی نے انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ ہر کوئی جو آپ کا خون ہے وہ آپ کی زندگی میں اہمیت کا مستحق نہیں، بعض اوقات سب سے زیادہ ناکارہ، کمزور اور ناقابل توجہ لوگ بھی ’فیملی‘ ہوتے ہیں۔
تریشالا دت نے لکھا کہ آپ کو اپنی حفاظت کرنے کی اجازت ہے، کسی سے رابطہ کم یا رابطہ نہ رکھنے کی آزادی ہے، آپ کو فیملی امیج کو محفوظ رکھنے پر ذہنی صحت کا انتخاب کرنے کی اجازت ہے کیونکہ کوئی شخص آپ کا رشتہ دار ہے اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ آپ کے ساتھ برا سلوک کرنے، آپ کو قابو کرنے یا آپ پر احساس جرم ڈالنے کا حق رکھتا ہے۔
’آپ کسی ایسے شخص تک مسلسل رسائی کے مقروض نہیں جو آپ کو تکلیف دیتا رہتا ہے چاہے اس نے آپ کی پرورش کی ہو۔ جب والدین اس بات کی زیادہ پرواہ کرتے ہیں کہ خاندان دنیا کے سامنے کیسا ظاہر ہو اور اصل میں کیسا ہے تو یہ ایک مسئلہ ہے۔‘
واضح رہے کہ مذکورہ پوسٹ تریشالا کی جانب سے سجے دت کو سالگرہ کی مبارکباد دینے کے چند دنوں بعد سامنے آئی جس سے فیملی میں مبینہ جھگڑے یا خراب تعلقات کی نشاندہی ہوتی ہے۔
سنجے دت – جو اکثر اپنے والدین کے طریقہ کار کے بارے میں بات کرتے رہے ہیں – نے کہا تھا کہ وہ فلموں میں شامل ہونے میں تریشالا کی حمایت نہیں کریں گے اور تجویز کرتے ہیں کہ وہ فارنزک سائنس جیسے کیریئر کے دوسرے آپشنز کو اپنائیں گی۔
پہلے انٹرویوز میں سنجے دت نے کہا تھا کہ دت فیملی میں اداکاری کی حوصلہ افزائی نہیں کی جاتی تھی جو ان کے والد کی اقدار کی عکاسی کرتی ہے۔