قدرتی آفات سے نقصانات، آئی ایم ایف نے انشورنس کور فراہم کرنے کی تجویز دے دی

انشورنس آئی ایم ایف پاکستان سیلاب

اسلام آباد (26 اگست 2025): قدرتی آفات سے نقصانات میں کمی کے لیے آئی ایم ایف نے پاکستان کو انشورنس کور فراہم کرنے کی تجویز دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق قدرتی آفات کے دوران اربوں روپے کے نقصانات کے باوجود انشورنس ناپید ہے، ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے قدرتی آفات کے باعث نقصانات کم کرنے کے لیے انشورنس کور فراہم کرنے کی تجویز دی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستان میں بینکنگ انڈسٹری کی ترقی کے باوجود انشورنس کا شعبہ عالمی معیار کے مطابق نہیں ہے، حکومتی ترقیاتی منصوبوں کو بھی قدرتی آفات سے متعلق انشورنس کور فراہم نہیں کیا جاتا۔

بھارت: مادھوپور ڈیم سے پانی کے اخراج کی وارننگ، دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا گیا

آئی ایم ایف کا مطالبہ ہے کہ نئے ترقیاتی منصوبوں کے لیے انشورنس کور لازمی فراہم کیا جائے، تاہم سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن انشورنس سیکٹر کی ترقی کے لیے اقدامات کرنے میں ناکام رہا ہے، ایس ای سی پی کے انشورنس ڈویژن کو ماہرین کی اشد ضرورت ہے۔

ذرائع کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک انشورنس سیکٹر کی ترقی کے لیے جامع منصوبہ تیار کر رہا ہے، بینک نے بھی قدرتی آفات کے لیے انشورنس کور فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔