کراچی : تیز رفتار ٹرک کی موٹر سائیکل سوار اور رکشہ کو کچلنے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آگئی، حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار موقع پر جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی روڈ پر ایک ہی گھنٹے میں دو ٹریفک حادثات پیش آئے، جن میں خاتون سمیت دو افراد جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہوگئیں۔
پہلا حادثہ نادرا میگا سینٹر کے قریب پیش آیا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی، جس میں ڈرائیور کو ٹرک تیز رفتاری سے چلاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک تیز رفتار ٹرک مصروف ترین شاہراہ پر بے قابو ہوکر آیا، موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا اور رکشے سے جا ٹکرایا، سڑک پر ٹریفک کے باوجود رفتار ٹرک کی رفتار انتہائی تیز تھی۔
حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار، جو سیکیورٹی گارڈ بتایا جاتا ہے، موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ رکشے میں بیٹھی خاتون زخمی ہوگئیں۔
دوسرا حادثہ قیوم آباد کے قریب پیش آیا جہاں بس کی ٹکر سے ایک راہگیر خاتون جاں بحق ہوگئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات میں ملوث ٹرک اور بس ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔