لاہور (26 اگست 2025): پنجاب کی جیلوں میں قید قیدیوں کے اہل خانہ کی آسانی کیلیے حکومت نے زبردست سروس کا آغاز کر دیا۔
چیئرپرسن ٹاسک فورس رانا منان اور سیکرٹری داخلہ نے قیدیوں کے اہل خانہ کیلیے فری الیکٹرک شٹل سروس کا افتتاح کر دیا، سینٹرل جیل لاہور سے شروع سروس کا دائرہ کار پنجاب بھر کی جیلوں میں پھیلایا جائے گا، اسیران کے اہل خانہ موسم کی شدت اور کئی کلو میٹر کے پیدل سفر سے محفوظ ہوں گے۔
ٹاسک فورس کے چیئرپرسن رانا منان نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق جیلوں کو اصلاحی مراکز میں تبدیل کر رہے ہیں، جیل میں داخلے کے وقت اسیران کی میڈیکل اسکریننگ کی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جیلوں میں ہنر مند قیدی اپنے اہل خانہ کی کفالت کے قابل ہوگئے ہیں
رانا منان نے بتایا کہ لاہور اور نارووال میں فری شٹل سروس کا آغاز آج ہوگیا جلد پنجاب بھر میں دستیاب ہوگی۔
سیکریٹری داخلہ پنجاب نے بتایا کہ اسیران سے ملاقات میں سہولت کیلیے جلد ’ملاقات ایپ‘ لانچ کر رہے ہیں جس سے اہل خانہ گھر بیٹھے آن لائن ملاقات کا وقت طے کر سکیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سال پنجاب کی جیلوں میں 6 ہزار قیدیوں کی گنجائش کا اضافہ کر رہے ہیں، لاہور، فیصل آباد اور راولپنڈی میں خواتین کی جیلیں تعمیر ہو رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسیران کو اہل خانہ سے بات کیلیے پی سی او سروس بھی فراہم کی جا رہی ہے، سیف جیل منصوبے کے تحت پنجاب بھر کی جیلوں میں 12 ہزار جدید کیمرے نصب ہوں گے۔