اسلام آباد (26 اگست 2025): وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے مغرب ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی مدد کرے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کی نیو انرجی وہیکلز پالیسی کا افتتاح ہو گیا۔ اس سلسلے میں اسلام آباد میں افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر کے ہونہار طلبہ میں ای بائیکس تقسیم کیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا گرین گیسوں کے اخراج میں بہت ہی کم حصہ ہے لیکن ماحولیاتی آلودگی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔ پاکستان ماحولیاتی چیلنج سے تنہا نہیں نمٹ سکتا۔ اس سے نمٹنے کے لیے مغرب کو ہماری مدد کرنا ہوگی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے 2022 میں سندھ میں آنے والے تباہ کن سیلاب سے 30 ارب کا نقصان ہوا اور اب خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں بادل پھٹنے، سیلاب، دریاؤں میں طغیانی سے جانی ومالی نقصانات ہوئے۔ درجنوں دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے اور سینکڑوں افراد جان سے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ای وی پالیسی حکومت کے ماحول دوست اقدامات کی جانب اہم پیشرفت ہے۔ اس پالیسی سے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ پالیسی کی تشکیل میں معاونت پر تمام اسٹیک ہولڈرز اور برطانوی حکومت کے مشکور ہیں۔
https://urdu.arynews.tv/electric-bikes-distributed-to-talented-students-across-pakistan/