کے پی میں سیلاب اور بارش سے کتنے اسکول تباہ، اساتذہ اور طالبعلم جاں بحق ہوئے؟

پشاور (26 اگست 2025): خیبر پختونخوا میں تاریخ کے بدترین سیلاب سے کتنے سرکاری اسکول تباہ اور اساتذہ وطالبعلم شہید ہوئے وزیر تعلیم نے بتا دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق خیبر پختونخوا میں آنے والے تاریخ کے تباہ کن سیلاب سے جہاں سینکڑوں انسانی جانیں ضائع ہوئیں، وہیں ہزاروں گھر، دکانیں اور سرکاری املاک بھی تباہ ہو گئیں۔ ان میں سرکاری اسکول کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔

وزیر تعلیم کے پی فیصل ترکئی نے اس حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ حالیہ بدترین سیلاب میں صوبے بھر میں 34 سرکاری اسکول مکمل تباہ جب کہ 648 اسکول کی عمارتوں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

وزیر تعلیم نے بتایا کہ حالیہ سیلاب اور طوفانی بارشوں کے نتیجے میں 11 طلبہ، 4 اساتذہ اور 2 ملازمین شہید جب کہ محکمے کے تین ملازمین زخمی ہوئے۔

فیصل ترکئی کے مطابق سوات میں سرکاری اسکولوں کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا اور وہاں 13 اسکول مکمل تباہ ہوئے جب کہ 150 اسکولوں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ ایبٹ آباد میں 8 اسکول مکمل تباہ اور 112 کو جزوی نقصان پہنچا۔

انہوں نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہری پور میں 7 اسکول مکمل تباہ اور 93 کو جزوی نقصان پہنچا۔ صوابی میں 5 اسکول مکمل اور 26 کو جزوی تباہ ہوئے جب کہ بونیر میں ایک اسکول مکمل تباہ اور 42 کو جزوی نقصان پہنچا۔

https://urdu.arynews.tv/kp-flood-affected-relief-check/