پالتو جانوروں سے پیار کرنا ان کی دیکھ بھال اور ان کے ساتھ شفقت سے پیش آنا ایک فطری عمل ہے لیکن انہیں چومنا یا اپنے منہ کو ان کے قریب لے جانا کسی خطرے سے کم نہیں۔
یہ جانور ہمیں بے لوث محبت، وفاداری کا سبق ضرور دیتے ہیں اور ان سے لگاؤ رکھنے والے افراد زیادہ انسان دوست اور دوسروں کی مدد کرنے والے ہوتے ہیں، لیکن ضرورت سے زیادہ قربت موت کا باعث بھی بن سکتی ہے۔
امریکا میں ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ پالتو جانور، خاص طور پر کتے اور بلیوں کو چومنے یا ان کے منہ کو چومنے جیسی قربت صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کچھ افراد اپنے پالتو جانوروں سے اتنی محبت کرتے ہیں کہ انہیں بوسہ دینا معمول بن چکا ہے، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ عادت مختلف جراثیم اور بیماریوں کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہے۔
سی این این کی رپورٹ میں ناتھن روسو اسمتھ نے ماہرین کی رائے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پالتو جانوروں کے منہ میں ایسے بیکٹیریا پائے جاتے ہیں جو انسانوں کے لیے نقصان دہ ہو سکتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ خاص طور پر اگر کسی انسان کے منہ میں زخم ہو یا مدافعتی نظام کمزور ہو تو انفیکشن کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
ماہرین نے جانور پالنے والے افراد کو مشورہ دیا ہے کہ پالتو جانوروں کے ساتھ وقت ضرور گزاریں، انہیں گود میں لیں، لیکن منہ سے چومنے سے گریز کریں۔