ملک کے تین دریاؤں میں سیلاب کی صورتحال مزید خطرناک، بھارت نے پاکستان کو آگاہ کر دیا

ملک کے تین دریاؤں میں سیلاب کی صورتحال مزید خطرناک، بھارت نے پاکستان کو آگاہ کر دیا

لاہور : بھارت نے دریائے ستلج، راوی اور چناب میں ممکنہ سیلاب کے حوالے سے پاکستان کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا، جس کے بعد فلڈالرٹ جاری کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بھارتی ہائی کمیشن نے دریائے ستلج، راوی اور چناب میں ممکنہ سیلاب کے حوالے سے پاکستان کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔

بھارتی حکام نے یہ اطلاع سندھ طاس کمیشن کے ذریعے فراہم کی، جس میں بتایا گیا ہے کہ دریاؤں میں پانی کے اخراج میں اضافے کے باعث ایک بڑے سیلابی ریلے کے گزرنے کا امکان ہے۔

بھارت کی اطلاع پر پاکستان نے فلڈالرٹ جاری کردیا، جس میں کہا کہ دریائے راوی، ستلج اور چناب میں بھارت سے مزید اونچے درجے کے سیلابی ریلے آنے کا خطرہ ہے

این ڈی ایم اے نے متعلقہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ پیشگی اقدامات یقینی بنائیں اور ندی نالوں کے قریب رہنے والے افراد کو بروقت آگاہ کریں۔

حکام کے مطابق دریا کنارے رہائش پذیر لوگوں کو مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے اور چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔

یہ پیشگی اطلاع سندھ طاس معاہدے کے تحت دی گئی ہے، جس کے مطابق دونوں ممالک ایک دوسرے کو سیلاب سے متعلق صورتحال کے بارے میں پہلے سے مطلع کرنے کے پابند ہیں۔

دریائے چناب، ستلج اور راوی میں سیلابی صورتحال ، پنجاب پولیس ہائی الرٹ


دوسری جانب دریائے چناب،ستلج اورراوی میں سیلابی صورتحال کے باعث پنجاب پولیس کو ہائی الرٹ کردیا گیا، ،آئی جی پنجاب عثمان انور نے کہا کہ شہریوں کے تحفظ کیلئےتمام وسائل بروئےکارلائےجارہےہیں، لاہور،شیخوپورہ،ننکانہ سمیت متاثرہ علاقوں سے شہریوں کے انخلا کو یقینی بنا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی محفوظ مقامات پرمنتقلی، ریلیف کیمپس میں سہولتوں کی فراہمی پرفوکس ہے، نپی ڈی ایم اےسمیت ضلعی انتظامیہ، ریسکیو،ساتھ مسلسل کوآرڈی نیشن میں ہیں، آرپی اوز،ڈی پی اوزریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیوں کی خود مانیٹرنگ کریں۔