(27 اگست 2025): پاکستانی ریموٹ ورکرز اور فری لانسرز کو بہت جلد ایک نئے یورپی ملک مالدووا میں اپنی خدمات فراہم کرنے کا سنہری موقع ملنے والا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یورپی ملک مالدووا نے ستمبر 2025 کے آخر تک ڈیجیٹل نومیڈ (خانہ بدوش) ویزا کیٹیگری لانچ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ڈیجیٹل نومیڈ ویزا پاکستان سمیت دنیا بھر کے شہریوں کو دو سال تک ملک میں رہنے کی اجازت دے گا جس میں توسیع کا امکان بھی موجود ہے۔
ویزا اور امیگریشن سے متعلق مزید خبریں
اس اقدام کا مقصد دور دراز کے پیشہ ور افراد کو اپنی طرف متوجہ کرنا ہے اور پاکستان کی بڑھتی ہوئی فری لانس کمیونٹی اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتی ہے۔
ہزاروں پاکستانی پہلے ہی دنیا بھر میں آن لائن اپنی خدمات فراہم کر رہے ہیں جن کیلیے مالدووا مشرقی یورپ میں ایک پُرکشش ٹھکانہ بن سکتا ہے۔
اگرچہ ڈیجیٹل نومیڈ ویزا سے متعلق باضابطہ تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں تاہم ویزا کیلیے درخواست دینے والے پاکستانیوں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ کچھ شرائط کو پورا کریں جو یہ ہیں:
- درست پاسپورٹ
- غیر ملکی فرد یا کمپنی کیلیے ریموٹ ورک کرنے کا ثبوت
- کم از کم آمدنی کی ضرورت کو پورا کرنا
- کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہ ہو
- انٹرنیشنل ہیلتھ انشورنس
- مالدووا میں رہائش کا ثبوت
مذکورہ پیشرفت مالدووا کو مشرقی یورپی ممالک جیسے رومانیہ، ہنگری، مونٹی نیگرو اور سلووینیا میں شامل ہونے والا نیا ملک بناتی ہے جو پہلے ہی اس طرح کے ویزا پیش کر رہے ہیں۔