کراچی : وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے مفت پنک اسکوٹر حاصل کرنے کی خواہشمند خواتین کو شرط بتادی اور کہا اگلے ماہ کے آخر میں اسکوٹرز دی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت خواتین کو پاکستان کی پہلی ای وی پنک اسکوٹر دے رہی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں اس منصوبے کے لیے 10 ہزار درخواستیں موصول ہوئی تھیں، جن میں سے تقریباً 150 خواتین کے پاس مکمل ڈرائیونگ لائسنس موجود ہے جبکہ باقی خواتین لرننگ لائسنس کے لیے اپلائی کریں گی۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کے ایم سی سندھ حکومت کے ساتھ اشتراک کرے گا اور بائیک کی ٹریننگ کے ساتھ ڈرائیونگ لائسنس کی فیس بھی ادا کرے گا۔ اگر ایک ہزار سے زیادہ بائیکیں تیار ہو جائیں تو سندھ حکومت بیلٹنگ کا عمل بھی کرے گی۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پنک اسکوٹر کے ساتھ خواتین کو ٹریننگ کی سہولت اور ہیلمٹ بھی فراہم کیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں : مفت الیکٹرک موٹرسائیکلیں ! خواتین کے لیے اہلیت کا معیار اور درخواست دینے کا طریقہ کار سامنے آگیا
انھوں نے شرط بناتے ہوئے کہا اگلے ماہ کے آخر میں وہ خواتین جن کے پاس ڈرائیونگ لائسنس ہوگا، انہیں مفت پنک اسکوٹر فراہم کی جائیں گی۔
شرجیل میمن نے بتایا کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کے کئی منصوبے جاری ہیں، جن میں بی آر ٹی کی تیاری مکمل ہو چکی ہے جبکہ دیگر دو منصوبوں پر کام جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ستمبر میں مزید ای وی بسز اور ڈبل ڈیکر بسیں بھی آئیں گی تاکہ شہریوں کو ٹرانسپورٹ میں کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔