پشاور : تعلیمی سال کو سمر اور ونٹر سیمسٹر میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ، ہر سیمسٹر کے لیے علیحدہ امتحانات ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر تعلیمی نظام میں اصلاحات کی گئی ہیں اور صوبے کے تعلیمی سال کو سمر اور ونٹر زونز میں تقسیم کر کے ’اسپرنگ‘ اور ’فال سیمسٹر‘ کے طور پر نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ابتدائی طور پر یہ نظام نرسری سے جماعت ہشتم تک کے طلباء و طالبات پر لاگو ہوگا۔
سمر زون میں تعلیمی سال یکم ستمبر سے شروع ہوگا، جہاں فال سیمسٹر یکم ستمبر سے 31 دسمبر تک جبکہ اسپرنگ سیمسٹر 16 جنوری سے 31 مئی تک ہوگا۔
ونٹر زون میں تعلیمی سال یکم مارچ سے شروع ہوگا، جہاں اسپرنگ سیمسٹر یکم مارچ سے 30 جون اور فال سیمسٹر یکم اگست سے 22 دسمبر تک ہوگا۔
مزید پڑھیں : بچوں کے لئے بڑا تعلیمی اقدام: "علم پیکٹ پروگرام” کا اجرا
ہر سیمسٹر کے لیے علیحدہ امتحانات ہوں گے اور حتمی نتائج کی تیاری میں دونوں سیمسٹر کے امتحانات کی برابر اہمیت ہوگی۔
سمر اور ونٹر زونز میں چھٹیوں کا شیڈول معمولی ردوبدل کے ساتھ برقرار رہے گا۔
وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کے مطابق اس اقدام سے سرکاری وسائل کا بہتر اور مؤثر استعمال یقینی بنایا جا سکے گا اور تعلیمی معیار میں بہتری آئے گی۔