اگلے 25 سے 45 دنوں کی ارلی وارننگ، مزید بارشیں ہوں گی، چیئرمین این ڈی ایم اے

اسلام آباد (27 اگست 2025): چیئرمین این ڈی ایم اے انعام حیدر نے کہا ہے کہ اگلے 25 سے 45 دنوں کی ارلی وارننگ ہے مزید بارشیں ہوں گی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین این ڈی ایم انعام حیدر نے وزیر اطلاعات ونشریات اور ڈی جی آئی ایس پی آر کے ہمراہ ملک میں سیلاب کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اگلے 25 سے 45 دنوں کی ارلی وارننگ ہے مزید بارشیں ہوں گی۔ مون سون 2025 کے آٹھویں اور سیکنڈ لاسٹ مرحلے میں ہیں۔ 29 اگست سے 9 ستمبر تک بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگا، مزید بارشیں ہوئیں تو سیالکوٹ، نارروال اور گوجرانولہ میں دباؤ بڑھے گا۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ چناب، راوی اور دریائے ستلج کے ذریعے سیلابی ریلہ پاکستان میں داخل ہو چکا ہے۔ 10 لاکھ کیوسک کا ریلہ آنے سے قادر آباد پر دباؤ بڑھے گا۔ پنجند پہنچنے پر 58 ہزار کیوسک کا ریلہ 6 سے 7 لاکھ کیوسک تک پہنچ سکتا ہے۔ دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم پنجند سے ممکنہ دباؤ کے پیش نظر سندھ حکومت سے رابطے میں ہیں اور سارا ڈیٹا پی ڈی ایم اے سندھ کے ساتھ بھی شیئر کیا گیا ہے۔

انعام حیدر نے مزید بتایا کہ ہیڈ مرالہ میں گزشتہ رات پانی کا بہاؤ7 لاکھ کیوسک تک پہنچ چکا تھا۔ شاہدرہ اور بلوکی میں پانی کا بہاؤ بڑھ رہا ہے جس کی نگرانی جاری ہے۔ شاہدرہ میں اس وقت 78 ہزار کیوسک پانی کا بہاؤ ہے۔ شاہدرہ، بلوکی کے درمیان پانی کا شدید دباؤ 24 گھنٹے برقرار رہے گا جب کہ خانکی اور قادر آباد کے درمیان پانی کا دباؤ اسی طرح رہنے کا امکان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بہت زیادہ بارشیں ہوئیں اور کلاؤڈ برسٹ سے نقصانات بھی زیادہ ہوئے ہیں۔ سیالکوٹ کے شمال مشرقی علاقوں میں بھی بارش 600 ملی میٹر سے تجاوز کر گئی۔ ان شدید بارشوں سے دریاؤں میں طغیانی آئی۔

چیرمین این ڈی ایم نے بتایا کہ پاک فوج عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے اقدامات کر رہی ہے اور اب تک دریائے ستلج کے اطراف سے 2لاکھ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ تمام ملٹری فارمیشنز کو بھی آرمی چیف کی طرف سے ہدایات دی جا چکی ہیں۔ جب کہ وزیراعظم شہباز شریف کل صبح سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔

https://urdu.arynews.tv/dg-ispr-on-pakistan-floods-27-august-2025/