بھارتی آبی جارحیت کے باوجود حوصلے بلند، فیلڈ مارشل کا خصوصی شکریہ، سکھ برادری

سکھ برادری نے کہا ہے کہ بھارتی آبی جارحیت کے باوجود ہمارے حوصلے بلند ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں۔

پاک فوج کی جانب سے ڈسکہ میں ریسکیواور ریلیف آپریشن جاری ہے، اس موقع پر سکھ برادری کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاک فوج ہمیشہ مشکل گھڑی میں ہمارے ساتھ کھڑی رہی، پاکستان نے جنگوں میں بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔

سکھ برادری نے کہا کہ پاک فوج کے بروقت آپریشن سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، پاک فوج کی جرأت کو سلام پیش کرتے ہیں، سکھ برادری کی جانب سے پاک فوج کی بروقت امدادی کارروائیوں کو سراہا گیا۔

سیلابی صورتحال کے بعد محفوظ مقام تک پہنچانے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے سکھ برادری نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان، پنجاب حکومت اور آرمی چیف کے شکرگزار ہیں۔

دریں اثنا پاک فوج نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری رکھا ہوا ہے، سیلاب سے متاثرہ سکھ برادری کے درجنوں افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔

ڈسکہ میں پاک فوج کے جوانوں نے سیلاب میں پھنسے 96 افراد کو ریسکیو کیا، پاک فوج سول انتظامیہ کے شانہ بشانہ ریسکیو سرگرمیوں میں مصروف ہے، سیلاب نے پنجاب کے بیشترعلاقوں خصوصاً سیالکوٹ کو شدید متاثر کیا ہے۔