سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بند، نوٹم جاری

سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بند، نوٹم جاری

لاہور (28 اگست 2025): صوبہ پنجاب میں سیلابی صورتحال کے باعث سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا۔

سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ترجمان نے بتایا کہ سیلابی صورتحال پر فلائٹ آپریشن معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا جو آج صبح 10 سے رات 10 بجے تک بند رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: حالیہ سیلاب کو بھارتی آبی جارحیت نہیں کہہ سکتا، وزیر دفاع

ترجمان نے بتایا کہ اس سلسلے میں نوٹم جاری کر دیا گیا، سیلابی پانی جنوبی جانب سے ایئرپورٹ کی طرف بڑھا ہے، تمام مشینری اور افرادی قوت متحرک ہے، سیلابی پانی کے اخراج کی کوششیں جاری ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایئرپورٹ پر تمام آلات محفوظ ہیں، ہوائی اڈے کے جنوبی حصے کی جانب سیلابی پانی حفاظتی بند عبور کر کے داخل ہوا، رن وے، ٹرمینل اور پارکنگ ایریا محفوظ ہے۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر نے بتایا کہ شہر میں 48 گھنٹے کے دوران 512 ملی میٹر بارش ہوئی، اربن ایریاز میں بہنے والے 3 نالوں سے پانی اوور فلو ہو رہا ہے، سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

صبا اصغر نے بتایا کہ اربن ایریاز میں گزشتہ روز کشتیاں چلائی گئی ہیں، شہر میں پہلی بار اس قسم کا سیلاب آیا ہے، انتظامیہ کی جانب سے 9 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں، کچھ لوگ اپنے گھروں کو نہیں چھوڑنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایک ریلیف کیمپ میں 25 خاندان آئے پھر ان کے رشتہ دار لے گئے، دریائے چناب میں پانی کی سطح تھوڑی کم ہوئی ہے پہلے جیسا خطرہ نہیں۔