سری نگر : مقبوضہ کشمیر میں موسلادھار بارش کے نتیجے میں سیلاب نے تباہی مچادی اور بارش کا پچاس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر اور شمالی بھارت میں موسلادھار بارشوں نے تباہی مچا دی، چوبیس گھنٹوں میں 368 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جس نے گزشتہ 50 برس کا ریکارڈ توڑ دیا۔
بھاری بارشوں سے دریاؤں کے بند ٹوٹ گئے، درجنوں پُل اور سڑکیں بہہ گئیں جبکہ کئی دیہات مکمل طور پر کٹ کر رہ گئے۔
دریائے توی، چناب، جہلم اور بسنتر میں پانی کی سطح خطرناک حد سے تجاوز کر گئی ہے جس کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں۔
مقبوضہ جموں اور ڈوڈہ میں ہلاکتوں کی تعداد 37 ہو گئی جبکہ درجنوں افراد زخمی ہیں۔ تعلیمی ادارے بند اور موبائل براڈبینڈ و انٹرنیٹ سروس معطل ہے۔
ہندویاتری مقام ویشنو دیوی کے قریب پہاڑ سرکنے سے 33 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ کئی زائرین شدید بارش کے دوران پھنس گئے۔
بھارتی پنجاب کے علاقے مدھوپور میں عمارت کا بڑا حصہ پانی میں بہہ گیا، منالی اور پٹھان کوٹ کے دریاؤں میں شدید طغیانی کے باعث گاڑیاں اور عمارتیں ریلے میں بہہ گئیں۔ لینڈ سلائیڈنگ اور منہ زور ریلوں نے درجنوں مکانات تباہ کر دیے، سڑکوں کا رابطہ منقطع ہو گیا۔
بھارتی محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ پانی کے قریب نہ جائیں اور گھروں میں ہی محفوظ رہیں۔