دریائے سندھ میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ

دریائے سندھ میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دریائے سندھ میں اگلے ہفتے انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کردیا اور اہم ہدایات جاری کردیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سیلابی صورتحال پر اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب میں حالیہ سیلابی صورتحال اور محکمہ موسمیات کی وارننگز کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے خدشہ ظاہر کیا کہ دریائے سندھ میں گڈو اور سکھر بیراج پر 4 اور 5 ستمبر کو اونچے درجے کا سیلاب آسکتا ہے،

اجلاس میں تمام متعلقہ اداروں کو صوبائی مون سون کنٹی جنسی پلان 2025 پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت دی گئی۔

سندھ حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ وزرا اور ارکان اسمبلی کو دریائے سندھ کے کناروں پر تعینات کیا جائے گا جبکہ پشتوں اور خطرہ زدہ علاقوں کی براہ راست نگرانی ہوگی۔

اس موقع پر سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پشتوں اور متاثرہ علاقوں کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ خیمے، راشن، کشتیاں، دوائیں اور مشینری فوری طور پر دستیاب رکھی جائیں جبکہ محکمہ صحت کو ہنگامی بنیادوں پر ویکسینیشن مہم اور میڈیکل ٹیمیں تعینات کرنے کا حکم دیا گیا۔

کے ایم سی، بلدیاتی اداروں اور ریسکیو حکام کو انخلا اور متاثرین کے لیے محفوظ پناہ گاہوں کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی گئی۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور سندھ حکومت پنجاب کے عوام کی ہر ممکن مدد کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔