غزہ میں اسرائیلی فوج کے ظلم کا سلسلہ جاری ہے، تازہ بمباری کے باعث 50 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔
عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں بے گھر افراد کے خیموں پر ڈرون حملے کئے گئے جس کے نتیجے میں 3 فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے۔
شہید ہونے والوں میں ایک عورت اور ایک بچہ بھی شامل ہے جبکہ 21 افراد زخمی ہوگئے، غزہ شہر میں اسرائیلی فوج کے الگ الگ حملوں میں مزید 6 فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے۔
صیہونی افواج کی جانب سے غزہ میں امداد تقسیم کرنے کے مقامات کے قریب بھی حملے کیے گئے جن میں کم از کم 12 فلسطینی شہید ہوگئے۔
طبی عملے کے مطابق شمالی غزہ میں 4 افراد کو اُس وقت شہید کیا گیا جب وہ امداد کے منتظر تھے۔
’آزادی صحافت پر حملہ ناقابل قبول‘ اطالوی وزیراعظم کی صحافیوں پر اسرائیلی حملے کی مذمت
غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں غزہ میں بھوک کی شدت سے مزید 10 فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے جس کے بعد اسرائیل کے مسلط کردہ قحط سے شہید ہونے والوں کی تعداد 313 تک پہنچ گئی۔
وزارت صحت کے مطابق صرف بدھ کی صبح سے اسرائیلی افواج نے مجموعی طور پر51 فلسطینیوں کو شہید کیا۔