کراچی (28 اگست 2025): وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں امریکا کے نئے قونصل جنرل چارلس گُڈمَن کا خیر مقدم کیا۔
وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے چارلس گُڈمَن کو سندھ میں ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور انہیں صوبائی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون اور حمایت کی یقین دہانی کرائی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ ثقافتی اعتبار سے ایک عظیم صوبہ ہے جو 5 ہزار سال پرانی موئن جو دڑو کی تہذیب کا وارث ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے عوام مذہب اور ذات پات کے فرق سے بالاتر ہو کر محبت اور بھائی چارے کے ساتھ رہتے ہیں۔
قونصل جنرل چارلس گُڈمَن نے وزیر اعلیٰ کے گرم جوش استقبال پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ سندھ کے ثقافتی ورثے کو قریب سے دیکھنے کے منتظر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی ایک خوبصورت شہر ہے اور وہ صوبے کے تاریخی اور ثقافتی مقامات کا دورہ کریں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں کھانے پکانے کا شوق ہے اور کراچی کے ذائقہ دار کھانوں کی شہرت کے باعث وہ شہر کی لذتوں کو چکھنے کیلیے بے تاب ہیں۔
ملاقات میں کراچی کی موجودہ صورتحال، حالیہ شدید بارشوں اور ان کے اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ قونصل جنرل نے مون سون بارشوں کے باعث جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔
اجلاس میں پنجاب میں آنے والے سیلاب اور اس کے سندھ پر ممکنہ اثرات پر بھی بات ہوئی۔
وزیر اعلیٰ نے قونصل جنرل کو یقین دلایا کہ سندھ میں ان کا قیام خوشگوار اور نتیجہ خیز ثابت ہوگا۔