کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو شدید بارشوں اور اربن فلڈنگ جیسی صورتحال سے خبردار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب نے کراچی میں کل سے 2 ستمبر تک تیز بارشوں کا امکان ظاہر کردیا ، جس کے باعث شہر میں اربن فلڈنگ اور سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے سندھ کے دیگر شہروں، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ میں بھی 30 اگست سے بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی موسلادھار بارشیں متوقع ہیں۔
دوسری جانب بلوچستان میں کل سے یکم ستمبر تک مون سون کا نیا اسپیل داخل ہوگا جو متعدد اضلاع کو متاثر کرسکتا ہے۔
پی ڈی ایم اے بلوچستان نے بارشوں کے پیش نظر ایمرجنسی الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور پکنک پوائنٹس پر جانے سے پرہیز کریں، کیونکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے راولپنڈی نے بھی جڑواں شہروں میں 2 سے 5 ستمبر تک موسلا دھار بارش اور اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے، ضلعی انتظامیہ نے واسا کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے پیشگی اقدامات شروع کردیے ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی میں ہونے والی طوفانی بارشوں نے پورے شہر کو دریا میں تبدیل کر دیا تھا۔ کئی علاقوں میں کشتیاں چلا کر متاثرین کو ریسکیو کرنا پڑا۔ کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات میں 15 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے جب کہ پانی متعدد افراد کی زندگی بھر کی جمع پونجی برباد کر گیا۔
مجموعی طور پر 200 ملی میٹر سے زائد بارشوں نے شہر کا نقشہ ہی بگاڑ دیا اور اب سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ دوسری جانب بارش ختم ہونے کے کئی روز بعد تک بجلی کی بندش نے شہریوں کو اذیت میں مبتلا کیے رکھا۔