اسلام آباد : ترک صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان میں سیلاب سے نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ہر ممکن مدد کی پیشکش کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب ایردوان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں انہوں نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
ترک صدر نے قیمتی جانوں اور املاک کے نقصان پر دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترکی پاکستان کے ساتھ ہے اور ریسکیو و ریلیف آپریشن سمیت ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی پیشکش کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر کے جذبات اور تعاون کی پیشکش پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیلیفونک رابطہ پاکستان اور ترکی کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ترکی ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ مشکل گھڑی میں کھڑے رہے ہیں۔
اس موقع پر انہوں نے رواں سال ہونے والی اپنی ملاقاتوں کو یاد کیا اور آئندہ چین میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر دوبارہ ملاقات کی امید ظاہر کی۔