کراچی میں جعلی کھاد بنانے والی فیکٹری کا انکشاف

کراچی میں جعلی کھاد بنانے والی فیکٹری کا انکشاف

کراچی (29 اگست 2025): بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں جعلی کھاد بنانے والی فیکٹری کا انکشاف ہوا جس پر چھاپے کے دوران 6 ملازمین کو گرفتار کیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر کی نگرانی میں وفاقی ادارے اور پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کی اور جعلی کھاد کے ہزاروں بیگز، مشینیں، انوائسز اسٹیکرز و دیگر سامان برآمد کیا۔

حکام نے بتایا کہ چھاپے کے دوران جعلی کھاد کو چیک کیا گیا تو مٹی کا ڈھیر بن گئی، فیکٹری سے اس کی تیاری میں استعمال مواد بھی برآمد کر لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں 60 لاکھ روپے کے جعلی کرنسی نوٹوں کی سپلائی

ان کے مطابق فیکٹری سے انوائس بک، سلفر کے 20 کیمیکل، فیسو 4 کے 25 بیگ، ڈی اے پی اور این پی کے 4 ہزار سے زائد بیگ، یوریا کو اصلی دکھانے کیلیے بنائے گئے جعلی اسٹیکرز، مختلف ناموں کے 40 ہزار سے زائد خالی یوریا بیگ برآمد کیے گئے۔

حکام کا کہنا تھا کہ برآمد جعلی یوریا کو مارکیٹ میں بھاری مالیت میں فروخت کرنا تھا، فیکٹری سیل کر کے گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔