کے پی حکومت سیلاب متاثرین کو کتنی مالی امداد دے رہی ہے؟ اہم خبر

خیبر پختونخوا (29 اگست 2025): صوبے میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے متاثرین کو علی امین گنڈاپور کی حکومت مالی امداد فراہم کر رہی ہے۔

رواں ماہ خیبر پختونخوا میں آنے والے تباہ کن سیلاب نے تباہی کے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔ تاریخ کے بدترین سیلاب نے 400 کے قریب انسانی جانیں نگل لیں۔ ہزاروں مویشی پانی میں بہہ گئے۔ سینکڑوں مکانات، ہوٹلز، اسکولز، مساجد اور سرکاری انفراسٹرکچر بھی سیلابی موجوں کے ساتھ بہہ گیا۔

صوبے میں سیلاب میں اپنے پیاروں کو کھونے والے اور تباہ حال متاثرین کو کے پی حکومت مالی امداد فراہم کر رہی ہے۔ کس کو کتنی امداد دی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے مشیر خزانہ کے پی مزمل اسلم نے اعداد وشمار بتا دیے۔

مزمل اسلم نے بتایا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت سیلاب میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو 20 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فی الوقت مویشیوں اور فصلوں کا نقصان اٹھانے والے متاثرین کو امداد نہیں دی جا رہی۔ تاہم ان کے نقصانات کے ازالے کے لیے معاملہ زیر غور ہے اور انہیں بھی امداد فراہم کی جائے گی۔

مزمل اسلم نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت متاثرہ علاقوں میں مالی مدد اپنے وسائل اور فنڈز سے کرے گی۔ پنجاب حکومت کے پاس زیادہ وسائل ہیں، اور امید ہے وہ اپنے صوبے کے سیلاب متاثرین کی بہتر مالی مدد کرےگی۔