وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پی آئی اے و دیگر اداروں کی نجکاری آئندہ ہفتوں میں متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ سے یواےای کے بزنس لیڈرز نے ملاقات کی جس میں معاشی اصلاحات اور سرمایہ کاری پر بریفنگ دی گئی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ معیشت میں بنیادی سرپلس، ایکسچینج ریٹ اور زرمبادلہ ذخائر مستحکم ہیں عالمی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی معیشت پر اعتماد بحال کیا ہے جب کہ 70ہزار سے زائد نئے سرمایہ کار اسٹاک مارکیٹ میں داخل ہوئے۔
وزیرخزانہ نے کہا کہ ریکوڈک سمیت کان کنی کے شعبے میں بڑے مواقع موجود ہیں، پی آئی اے و دیگر اداروں کی نجکاری آئندہ ہفتوں میں متوقع ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جلد پہلا پانڈا بانڈ جاری کرے گا جب کہ صنعتی پالیسی اور ایکسپورٹ پروموشن پالیسی جلد متعارف کرائی جائے گی، ٹیکس نیٹ کو خدمات، ہول سیل، ریٹیل اور زراعت تک بڑھایا جا رہا ہے۔
یواےای کے سرمایہ کاروں نے پاکستان کی معاشی اصلاحات اور مواقع کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور یو اےای میں معاشی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔