پاکستان نے ٹرائی سیریز کے پہلے میچ میں افغانستان کو شکست دے دی

پاکستان بمقابلہ افغانستان

ٹرائی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو باآسانی 39 رنز سے شکست دے دی۔

شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیے گئے 183 رنز کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم 19.5 اوورز میں 143 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

افغانستان کے کپتان راشد خان 39 رنز بنا کر نمایاں رہے، رحمان اللہ گرباز 38 رنز بناسکے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 31 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، شاہین آفریدی، محمد نواز اور سفیان مقیم نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

قبل ازیں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے اور افغانستان کو جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دیا تھا۔

کپتان سلمان علی آغا 36 گیندوں پر 53 رنز بنا کر نمایاں رہے، صاحبزادہ فرحان اور محمد نواز نے 21، 21 رنز بنائے، فخر زمان 20 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

محمد حارث 15، صائم ایوب 14 اور حسن نواز 9 رنز بناسکے۔

افغانستان کی جانب سے فرید ملک نے 47 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد نبی، مجیب الرحمان، راشد خان اور عظمت اللہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل سلمان علی آغا نے راشد خان الیون کو پہلے بولنگ کی دعوت دی تھی۔

پاکستان کی ٹیم میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، فخر زمان شامل ہیں۔

کپتان سلمان علی آغا، حسن نواز، محمد نواز، محمد حارث بھی پلیئنگ الیون میں شامل ہیں، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، حارث، سفیان مقیم بھی ٹیم میں شامل ہیں۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Pakistan Cricket (@therealpcb)

افغانستان کی ٹیم میں رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زدران، صادق، درویش، کریم جنت، عظمت، راشد خان، محمد نبی، مجیب الرحمان، فضل، فرید شامل ہیں۔

واضح رہے کہ شارجہ میں دونوں ٹیمیں پانچ بار ٹکرائیں تین مقابلے پاکستان اور دو افغانستان نے جیتے ہیں۔

پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین میچ کی واحد ٹی 20 سیریز بھی اسی میدان پر کھیلی گئی جو افغان ٹیم نے 2-1 سے جیتی تھی۔