شادی میں بن بلائے مہمانوں کی آمد پر اکثر لوگ حیران ہوجاتے ہیں اور اس پر تنقید بھی کی جاتی ہے لیکن اب شادی میں بن بلائے مہمانوں کو دعوت دے کر بلایا جارہا ہے۔
یورپ میں حال ہی میں شادی شدہ جوڑے اپنی شادی کے اخراجات پورا کرنے کے لیے اجنبیوں کو شادی کے ٹکٹ فروخت کرتے ہیں۔
کیٹیی لیکارسکی کے ذہن میں یہ خیال اس وقت آیا جب وہ جنوبی مشرقی فرانس میں اپنا گھر کچھ لوگوں کو کرائے پر دے رہی تھیں جو ایک شادی میں شرکت کے لیے آئے تھے۔
کیٹی کی پانچ برس کی بیٹی نے اس وقت اپنی ماں سے سوال کیا کہ ہمیں شادیاں دیکھنے کیوں نہیں ملتی؟ اسی لمحے ان کے ذہن میں خیال آیا کہ بہت سے لوگ ایسے ہیں جنہیں شادیاں دیکھنے کا موقع نہیں ملتا، تو کیوں ناں اسے ایک سروس کے طور پر پیش کیا جائے، اس طرح وہ شادی شدہ جوڑوں کے اخراجات پورے کرنے میں مدد دے کر اپنے ذرائع آمدنی میں بھی اضافہ کر سکتی ہیں۔
کیٹی نے پھر انویٹن نامی پلیٹ فارم بنایا جو کہ کافی مقبولیت حاصل کر رہا ہے، اس پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے کئی جوڑے اپنی شادی میں شرکت کے لیے ٹکٹس فروخت کر رہیں ہیں جبکہ دوسری جانب بہت سے لوگ سینکڑوں یورو ادا کرنے پر آمادہ ہیں تاکہ وہ ان شادیوں میں شرکت کر سکیں۔
شادی کا ٹکٹ لینے والی ایک صارف نے کہا کہ اجنبیوں کو شادی کے ٹکٹ بیچنا ایک دلچسپ خیال ہے۔ میری فیملی بڑی نہیں ہے، اس لیے مجھے زیادہ شادیاں دیکھنے کو نہیں ملتیں، اور یہ موقع ہے کہ میں مختلف رسم و رواج کو دیکھ سکوں، چاہے وہ اجنبیوں کی شادی ہی کیوں نہ ہو۔ میں سجاوٹ، موسیقی دیکھنے کی شوقین ہوں، اور ہم ڈانس فلور پر خوب انجوائے کریں گے۔
اکثر جوڑے انویٹن ایپ پر اجنبیوں کی پروفائلز دیکھ کر فیصلہ کرتے ہیں کہ کس کی شادی کا ٹکٹ خریدنا ہے۔