کراچی (30 اگست 2025): شہر قائد میں ڈمپرز و دیگر ہیوی ٹریفک کو سڑکوں پر لانے پر عارضی پابندی عائد کر دی گئی۔
ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے ہیوی ٹرانسپورٹ چلانے والی آٹھوں ایسوسی ایشنز کے صدور و چیئرمینز کو خط لکھا جس میں کہا گیا کہ کراچی میں 11 اور 12 ربیع الاول کو ڈمپرز و دیگر ہیوی ٹریفک سڑکوں پر لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں – کراچی: گزشتہ 7 ماہ کے دوران ٹریفک حادثات میں کتنے شہری جان سے گئے؟
انہوں نے 2 روز کیلیے تمام ہیوی ٹریفک پر مکمل پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا۔
پیر محمد شاہ نے خط میں لکھا کہ 11 اور 12 ربیع الاول کو ہزاروں لوگ مذہبی اجتماعات میں شرکت کرتے ہیں، اس سلسلے میں ریلیاں، پیدل اور گاڑیوں کی صورت میں اہم شاہراہوں پر نکلتے ہیں، ایسے میں عوامی تحفظ کیلیے ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کو معطل کرنا ناگزیر ہے۔
واضح رہے کہ یہ اقدام ایک ایسے وقت میں اٹھایا گیا ہے جب کراچی کی سڑکوں پر آئے روز ٹریفک حادثات رونما ہو رہے ہیں جو زیادہ تر موٹرسائیکل اور بڑی گاڑیوں کے درمیان تصادم سے پیش آتے ہیں۔