پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں بادل پھر برس پڑے

پاکستان سیلاب پنجاب

لاہور (30 اگست 2025): شدید ترین سیلاب سے متاثرہ پاکستان کے صوبوں پنجاب، خیبرپختونخوا سمیت آزاد کشمیر میں بادل پھر برس پڑے ہیں، بارش سے کئی علاقے زیر آب آ گئے۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب اس وقت بھارت سے طرف سے آنے والے دریاؤں میں سیلابی پانی کے زبردست بہاؤ کے سبب ڈوبا ہوا ہے، ایسے میں لاہور، سیالکوٹ، نارووال، وزیر آباد، گجرات اور بہاولنگر میں بارش برس پڑی ہے، جب کہ لاہور کے علاقے کاہنہ میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد بھی جاں بحق ہو گئے ہیں۔

جہلم شہر اور گرد و نواح میں رات سے وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے، تحصیل سوہاوہ میں ندی نالوں کا پانی قریبی آبادیوں میں داخل ہو گیا ہے، ڈومیلی میں ریلا علاقے میں داخل ہونے سے مدرسے کے بچے اور رہائشی محصور ہو گئے ہیں، مدرسے کے بچوں نے چھت پر پناہ لے لی، تلیکہ گاؤں کے چاروں اطراف پانی جمع ہو چکا ہے اور ریسکیو ٹیموں کو امدادی کاموں میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں، ریسکیو کی گاڑی بھی تلیکہ کے قریب سیلابی پانی میں پھنس گئی ہے۔

پنجاب میں سیلاب نے بستیاں اجاڑ دیں، بڑے پیمانے پر لوگوں کی نقل مکانی

ادھر صوبہ خیبرپختونخوا میں پشاور، خیبر، ملاکنڈ اور ایبٹ آباد میں موسلادھار بارش برسی ہے، جس سے ایبٹ آباد میں نالے بپھر گئے ہیں، اور بارش کا پانی گھروں اور مارکیٹوں میں داخل ہو گیا ہے۔ سیلاب سے شدید متاثرہ علاقے بونیر میں سواڑی شہر اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ہے، حالیہ کلاؤڈ برسٹ سے متاثر پیر بابا میں دریائے برندو میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو گیا ہے۔

آزاد کشمیر میں بھی باغ، میرپور، بھمبر میں شدید بارش کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے۔ ملاکنڈ میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے سوات موٹر وے ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے، موٹر وے چکدرہ انٹرچینج سے کاٹلنگ انٹرچینج تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے، اور مسافروں کو جی ٹی روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ اور گجرات ڈویژن میں اگلے 12 سے 18 گھنٹوں میں شدید بارشوں کا مزید امکان ہے۔ اسلام آباد میں مطلع ابر آلود ہے اور آج تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ میں بھی بارش کا امکان ہے۔

سیالکوٹ، نارووال، مری، گلیات، پشاور، نوشہرہ، مردان، دیر، سوات، مانسہرہ، کوہاٹ، وزیرستان اور بالائی اضلاع، سانگھڑ، میرپورخاص، تھرپارکر اور عمرکوٹ، ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، خضدار اور لسبیلہ میں بارش متوقع ہے۔