کراچی:تشدد اور دھمکیاں دینے کے کیس میں صوبائی وزیر سعید غنی کے بھائی فرحان غنی کو رہا کردیا گیا۔
کراچی: صوبائی وزیر سعید غنی کے بھائی فرحان غنی کو فیروزآباد تھانے سے رہا کر دیا گیا، فرحان غنی کے وکیل وقار عالم عباسی نے رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فرحان سمیت تین ملزمان کو تھانے سے رہا کیا گیا ہے۔
وکیل کا کہنا تھا کہ مدعی مقدمہ سہیل نے بیان ریکارڈ کرا کے مقدمہ واپس لے لیا، جس کے بعد تفتیشی افسر نے تینوں ملزمان کو رہا کیا۔
وکیل نے کہا کہ رہائی کے بعد ملزمان کو عدالت میں پیش کرنے کی ضرورت نہیں رہی، تاہم تفتیشی افسر رہائی کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائیں گے۔
وقار عالم عباسی نے دعویٰ کیا کہ فرحان غنی کے دو ساتھیوں کو بھی مقدمے سے رہائی مل گئی ہے۔
خیال رہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) نے گزشتہ روز فرحان غنی سمیت تین ملزمان کا 30 اگست تک جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا، تاہم وکیل کا کہنا ہے کہ رہائی سے متعلق اے ٹی سی کو آگاہ نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کے سندھ کے رہنما اور صوبائی وزیر سعید غنی کے بھائی فرحان غنی کو پولیس نے سرکاری اہلکار پر تشدد کے الزام میں ساتھیوں سمیت گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔
مذکورہ مقدمہ فیروز آباد تھانے میں سرکاری اہلکار پر تشدد کے الزام میں درج کیا گیا جس میں دہشت گردی دفعات شامل کی گئی ہیں۔