بانی پی ٹی آئی کے بھانجے شاہ ریز خان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

بانی پی ٹی آئی کے بھانجے شاہ ریز خان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

لاہور : انسدادِ دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کے بھانجے شاہ ریز خان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

تفصیلات کے مطابق انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے علیمہ خانم کے بیٹے شاہ ریز خان کے جسمانی ریمانڈ سماعت کی، پولیس نے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ملزم شاہ ریز خان کو عدالت میں پیش کیا اور مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ شاہ ریز خان سے ڈنڈا برآمد کیا گیا ہے جبکہ فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ بھی کرایا جا چکا ہے، اس لیے وقوعہ کی مزید تفتیش کے لیے مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

دورانِ سماعت شاہ ریز خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے مؤقف اپنایا کہ ملزم 9 مئی کو لاہور میں موجود نہیں تھے بلکہ دوستوں کے ہمراہ چترال گئے ہوئے تھے۔ اس سلسلے میں شاہ ریز خان کے دوستوں کے بیان حلفی بھی عدالت میں جمع کرائے گئے۔

وکیل کے مطابق عمران خان کے بھانجے ملک کے بہترین ایتھلیٹ ہیں اور انہیں صرف بانی پی ٹی آئی کا بھانجا ہونے کی وجہ سے مقدمے میں ملوث کیا گیا ہے استدعا ہے کہ شاہ ریز خان کو مقدمے سے ڈسچارج کیا جائے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد عمران خان کے بھانجے کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

سماعت کے موقع پر شاہ ریز خان کی والدہ علیمہ خانم، خالہ عظمیٰ خانم اور تحریک انصاف کے دیگر رہنما بھی عدالت میں موجود تھے