کراچی میں بچوں کے لاپتہ ہونے کا ایک اور واقعہ

کراچی میں بچوں کے لاپتہ ہونے کا ایک اور واقعہ

کراچی : بچوں کے لاپتہ ہونے کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ، کورنگی کے ڈی اے ایمپلائز سوسائٹی سے 12 سالہ محمد حسن تین روز سے لاپتہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں بچوں کے اغوا کے واقعات میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، تاہم پولیس اور اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) اب تک کسی ایک بچے کو بھی بازیاب نہیں کراسکے۔

کورنگی کے ڈی اے ایمپلائز سوسائٹی سے 12 سالہ محمد حسن تین روز سے لاپتہ ہے، 27 اگست کو 12 سالہ حسن ولد محمد صالحین کو مبینہ طور پر کورنگی انڈسٹریل ایریا میں عیدگاہ گراؤنڈ کے قریب سے اغوا کیا گیا۔

والدین نے بتایا کہ بیٹا بدھ کی صبح مدرسے جانے کے لیے گھر سے نکلا تھا لیکن واپس نہ آیا۔

واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ،جس میں کہا ہے کہ متاثرہ بچے کے بھائی محمد عمیر نے بتایا کہ حسن اپنے ہمسائے عبدالرحمن کے ساتھ گھر سے نکلا تھا اور کہا تھا کہ اُس کی ایک مفتی صاحب سے بات ہوئی ہے اور وہ اندرونِ سندھ کسی مدرسے جانے کا ارادہ رکھتا ہے، تاہم اس کے بعد سے وہ لاپتہ ہے۔

مزید پڑھیں : کراچی سے اغوا ہونے والی 4 سالہ مائرہ کا تاحال کچھ پتا نہ چل سکا

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، لیکن تاحال بچے کی بازیابی عمل میں نہیں آسکی۔

شہری حلقوں نے بچوں کے مسلسل اغوا اور پولیس کی ناکامی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔