کراچی میں بارش کب ہوگی؟ محکمہ موسمیات نے بتادیا

کراچی میں آج بھی موسم گرم اور مرطوب رہے گا، محکمہ موسمیات

کراچی(31 اگست 2025): محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز تک شہر کا موسم مرطوب اور سمندری ہوائیں بحال رہیں گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود، موسم مرطوب رہےگا جبکہ شہر میں صبح ورات کے اوقات میں بوندا باندی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ رواں ہفتے کراچی میں تیز بارش کا کوئی امکان نہیں ہے تاہم آئندہ چند روز تک شہر کا موسم مرطوب، سمندری ہوائیں بحال رہیں گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج کم سےکم درجہ حرارت 27.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد، 11 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے  چل رہی ہیں۔

دوسری جانب پاکپتن، اوکاڑہ، وہاڑی، ملتان، لاہور سمیت پنجاب اور خیبر پختونخوا کے متعدد علاقوں میں کہیں تیز کہیں ہلکی بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں کہیں کہیں موسلادھار بارش کا امکان ہے، شام یا رات میں بلوچستان، سندھ اور گلگت بلتستان کے چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے چناب میں ہیڈ خانکی اور قادر آباد پر اونچے درجے کے سیلاب ہیں، خانکی پر 2 لاکھ 29 ہزار جبکہ قادر آباد پر 2 لاکھ 3 ہزار کیوسک پانی ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دریائے راوی میں ہیڈ بلوکی پر پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوکر 2 لاکھ 11 ہزار 395 کیوسک ہوگیا۔ ہیڈ بلوکی پر اب بھی انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے جبکہ ہیڈ سدھنائی پر نچلے درجے کا سیلاب آگیا، شاہدرہ پر بہاؤ کم ہوکر 90 ہزار کیوسک ہوگیا۔