ممبئی (31 اگست 2025): بھارت سے تعلق رکھنے والے پنجابی گلوکار گور رندھاوا سیلاب متاثرین کی مدد کیلیے میدان میں آگئے۔
انڈین میڈیا کے مطابق گرو رندھاوا کو اس وقت اپنے متنازع میوزک ویڈیو (گانے) ’اجول‘ کی وجہ سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔
تاہم اس کے باوجود گلوکار نے بھارتی ریاست پنجاب میں شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہونے والوں کیلیے ریلیف کیمپ قائم کیا جہاں کھانا، پینا اور اشیا ضروریہ کی فراہمی جاری ہے۔
گرو رندھاوا نے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے کچھ ویڈیوز شیئر کیں جن میں ان کی ٹیم کو سیلاب سے متاثرہ جگہوں پر ضرورت مندوں کی مدد کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
پنجابی گلوکار نے کیپشن میں لکھا کہ سیلاب سے متاثرہ پنجاب اور دیگر تمام ریاستوں کیلیے دعاگو ہوں، ہم جس طریقے سے بھی مدد کر سکتے ہیں کرین گے، میں نے اپنے علاقے اور قریبی گاؤں میں ریلیف کیمپ قائم کیا ہے۔
گور رندھاوا کو اپنے حال ہی میں ریلیز ہونے والے میوزک ویڈیو یا گانے میں دکھائے گئے قابل اعتراض مناظر کی وجہ سے تنقید کا سامنا ہے۔
دوسری جانب، لدھیانہ کی ایک عدالت نے گرو رندھاوا کو راجدیپ سنگھ مان نامی شہری کی شکایت پر 2 ستمبر کو پیش ہونے کیلیے طلب کیا ہے۔
راجدیپ سنگھ مان نے شکایت میں الزام لگایا کہ گرو رندھاوا کے گانے کے بول توہین آمیز ہیں اور منشیات کے استعمال کو فروغ دیتے ہیں۔
شکایت کنندہ کے وکیل گربیر سنگھ ڈھلون نے ان دھنوں کو توہین آمیز قرار دیا اور گرو رندھاوا کے خلاف ایف آئی آر کا مطالبہ کیا۔
عدالت نے گلوکار کو ذاتی طور پر یا وکیل کے ذریعے پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔