وزیراعظم کی ایرانی صدر سے تیانجن میں ملاقات ، سیلاب سے قیمتی جانی ومالی نقصانات پر اظہار افسوس

وزیراعظم شہباز شریف کی ایرانی صدر سے ملاقات

تیانجن : ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں پاکستان میں سیلاب سے قیمتی جانی ومالی نقصانات پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے شہر تیانجن میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزرا بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا اور تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایرانی صدر کا اگست میں پاکستان کا دورہ تعلقات کو مزید بہتر اور مضبوط بنانے میں سنگ میل ثابت ہوا، پاکستانی عوام ایرانی صدر کے حالیہ دورے پر بے حد خوش تھے۔

انہوں نے سیاسی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا اور ایران کے عوام و حکومت سے پاکستان کی غیرمتزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ مذاکرات اور سفارت کاری ہی تناؤ میں کمی اور استحکام کی واحد قابلِ عمل راہ ہیں۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان کی جانب سے ایران کی مسلسل حمایت کو سراہا اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کے باعث قیمتی جانی و مالی نقصانات پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ایران مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

خیال رہے وزیراعظم شہباز شریف نے تیانجن میں دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں ترک صدر رجب طیب ایردوان، روس، ملائشیا، بیلاروس، آذربائیجان، تاجکستان، ترکمانستان، کرغستان اور مالدیپ کے صدور شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے بھی غیر رسمی ملاقات کی۔

وزیراعظم شہباز شریف اپنی تیانجن مصروفیات کے بعد بیجنگ روانہ ہوں گے، جہاں وہ چین کے یومِ فتح کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔