کراچی: صباایونیو میں مبینہ نشے میں دھت خاتون پر پولیس اہلکار کے تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے پر اہلکار کو فوری معطل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) میں صبا ایونیو میں مبینہ نشے میں دھت خاتون پر پولیس اہلکار کے تشدد کا واقعہ پیش آیا ، جس کی ویڈیو بھی سامنے آگئی۔
ویڈیو میں دیکھا گیا کہ خاتون سڑک کے بیچ میں آکر کھڑی ہوگئی تھی اور شور شرابہ کر رہی تھی ساتھ ہی ٹریفک میں رکاوٹ ڈال رہی تھی۔
درخشاں تھانے کے اہلکار ندیم نے خاتون کوہٹانےکی کوشش کی گئی تو اسی دوران خاتون اور کانسٹیبل ندیم کے درمیان ہاتھا پائی ہوگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس اہلکار کی جانب سے خاتون پر تشدد کیا گیا اور پولیس تشدد سے مبینہ نشےمیں دھت خاتون سڑک پرگر گئی تھی۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ مبینہ نشے میں دھت خاتون نے بھی اہلکار کو تھپڑ مارے تھے تاہم پولیس اہلکار کو فوری معطل کر دیا گیا اور خاتون کو تھانے منتقل کردیا ہے۔
حکام نے کہا کہ خاتون کا میڈیکل ٹیسٹ کرایا گیا ہے اور مزید تفصیلات لی جارہی ہیں۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی شہریوں نے پولیس کے رویے پر شدید تنقید کی اور سوال اٹھایا کہ خاتون سے نمٹنے کے لیے لیڈی پولیس اہلکاروں کو کیوں طلب نہیں کیا گیا۔