بھارتی ایجنسی را کیلئے کام کرنے والے ملزم کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

بھارتی ایجنسی را کیلئے کام کرنے والے ملزم کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

کراچی : بھارتی ایجنسی کیلئے کام کرنے والے ملزم ارسلان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے 9 ستمبر تک تفتیشی افسر کو چارج شیٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت میں بھارتی خفیہ ایجنسی "را” کے لیے کام کرنے والے ملزم ارسلان کو پیش کیا گیا،

تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم ارسلان نے دیگر گرفتار ملزمان کی سہولت کاری کی اور انہیں رقم بھی پہنچائی، اس نے قتل سے قبل اور بعد میں رقوم کی ترسیل بھی کی، استدعا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش کرنی ہے جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ملزم عمیر نے جے آئی ٹی کے سامنے انکشاف کیا تھا کہ عبد الرحمان عرف رضا اللہ کا قتل سندھ کے شہر ماتلی میں کیا گیا، جس کے لیے اسلحہ کی فراہمی بھی عمیر نے کی۔

مزید پڑھیں : دہشت گردی کا الزام ثابت، بھارتی جاسوس کو 20 سال قید کی سزا سنادی گئی

تفتیشی رپورٹ کے مطابق قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ ملزم عمیر نے فراہم کیا جبکہ 33 لاکھ روپے محمد سلمان اور فہد نصیر کے اکاؤنٹس میں منتقل کیے گئے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان کے خلاف قتل، اقدام قتل اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمات درج کیے گئے ہیں، جبکہ مزید ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے ملزمان سے مزید تفتیش درکار ہے۔

عدالت نے ملزم کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے 9 ستمبر تک تفتیشی افسر کو چارج شیٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔