پاکستان کی افغانستان کو تباہ کن زلزلے سے جانی اور مالی نقصان پر ہر ممکن امداد کی پیشکش

اسلام آباد(یکم ستمبر 2025): وزیراعظم پاکستان نے افغانستان کو تباہ کن زلزلے سے جانی اور مالی نقصان پر ہر ممکن امداد کی پیشکش کردی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے افغانستان میں تباہ کن زلزلے سے جانی و مالی نقصان پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے غم کی اس گھڑی میں افغان بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیراعظم نے مشرقی افغانستان میں آنے والے تباہ کن زلزلے پر شدید رنج کا اظہار کیا اور کہا کہ سینکڑوں قیمتی انسانی زندگیوں کے نقصان اور درجنوں قصبوں کی تباہی پر متاثرین سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے متاثرین کے ساتھ دلی اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

دوسری جانب صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے افغان زلزلہ متاثرین سے دلی تعزیت کی ہے، افغانستان میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان افغان عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

صدر مملکت نے جاری پیغام میں کہا کہ زخمیوں کی جلد صحتیابی اور متاثرہ خاندانوں کے حوصلے کے لیے دعاگو ہوں، الّلہ تعالیٰ جاں بحق افراد کو جنت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر عطا فرمائے۔

افغانستان میں زلزلہ، 800 افراد جاں بحق

اتوار اور پیر کی درمیانی شب شمالی افغانستان میں 6 شدت کا خوف ناک زلزلہ آیا ہے، جس کے نتیجے میں آٹھ سو افراد جاں بحق اور ترجمان افغان وزارت داخلہ کے مطابق 2500 سے زائد شہری زخمی ہیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز صوبہ ننگرہار کے شہر جلال آباد کے قریب تھا اور اس کی گہرائی 8 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے 20 منٹ بعد ہی 4.5 شدت کا ایک اور جھٹکا محسوس کیا گیا، جس کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔

ترجمان افغان طالبان ذبیح اللّٰہ مجاہد نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ آج رات آنے والے زلزلے کے باعث جانی و مالی نقصان ہوا ہے، مقامی حکام اور امدادی ٹیمیں اور علاقہ مکین متاثرہ افراد کے ساتھ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جو متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور بحالی کے کاموں میں حصہ لے رہی ہیں۔