اسلام آباد: پاکستان میں بڑے پیمانے پر سیاحت انڈسٹری کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس ضمن میں وزارت بین الصوبائی رابطہ کے تحت ٹورازم اسکل اینڈ انویسٹمنٹ ایکسپو 2025 کا اعلان کیا گیا ہے جو 10 سے 12 اکتوبر تک اسلام آباد میں ہو گی۔
حکام وزارت بین الصوبائی رابطہ کا کہنا ہے کہ ایکسپو جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد کیا جائے گا جس کا افتتاح وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے متوقع ہے۔
حکام کے مطابق ملکی و غیرملکی سرمایہ کاروں، اسٹیک ہولڈرز کی بڑی تعداد ایکسپومیں شریک ہو گی، ایکسپو میں سیاحت، سرمایہ کاری اور نوجوانوں کی اسکلز پر فوکس کیا جائے گا۔
ایکسپو کا مقصد پاکستان کوعالمی سطح پرسیاحتی مرکزکے طور پر متعارف کرانا ہے جب کہ ایکسپو میں سیاحت کےفروغ ،سرمایہ کاری کے مواقع پر خصوصی سیشنز ہوں گے۔
کانفرنس میں سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر توجہ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ ٹریول، ٹور آپریٹرز اور مہمان نوازی سے متعلق اسٹالز لگائے جائیں گے۔
ایڈونچر ٹورازم اور ثقافتی ورثے سے متعلق خصوصی ایونٹس کا اہتمام کیا جائے گا۔