’افغانستان کیلئے اسٹوڈنٹ ویزا میری درخواست پر شروع کیا گیا‘

علی امین گنڈاپور

وزیراعلیٰ کےپی علی امین گنڈاپور نے کالاباغ ڈیم کی تعمیر کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ افغانستان کیلئے اسٹوڈنٹ ویزا میری درخواست پر شروع کیا گیا جب کہ افغانستان کے زلزلے میں کےپی حکومت ہر قسم کی مدد کیلئے تیار ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پورے خیبرپختونخوا میں ایک بھی اسنائپر رائفل نہیں ہے کسی تھانے اور افسر کے پاس بلٹ پروف گاڑی موجود نہیں ہمیں پولیس پر سرمایہ کاری کرنا ہو گی، 92 افسروں کی کمی ہے وفاق سے افسران دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ افغان مہاجرین کی واپسی میں سہولت میرے کہنے پر دی جا رہی ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مداخلت پر کےپی کو ساڑھے 5ہزار کلاشنکوف ملی ہیں۔

علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے افغانستان میں تباہ کن زلزلے سے جانی و مالی نقصان پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے غم کی اس گھڑی میں افغان بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیراعظم نے مشرقی افغانستان میں آنے والے تباہ کن زلزلے پر شدید رنج کا اظہار کیا اور کہا کہ سینکڑوں قیمتی انسانی زندگیوں کے نقصان اور درجنوں قصبوں کی تباہی پر متاثرین سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے متاثرین کے ساتھ دلی اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

اتوار اور پیر کی درمیانی شب شمالی افغانستان میں 6 شدت کا خوف ناک زلزلہ آیا ہے، جس کے نتیجے میں آٹھ سو افراد جاں بحق اور ترجمان افغان وزارت داخلہ کے مطابق 2500 سے زائد شہری زخمی ہیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز صوبہ ننگرہار کے شہر جلال آباد کے قریب تھا اور اس کی گہرائی 8 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے 20 منٹ بعد ہی 4.5 شدت کا ایک اور جھٹکا محسوس کیا گیا، جس کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔