آصف علی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

پاکستانی بیٹر آصف علی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، انھوں نے اپنے مداحوں اور ساتھی کرکٹرز کا شکریہ بھی ادا کیا۔

جارح مزاج بیٹر آصف علی کا بین الاقوامی کرکٹ کیریئر اختتام کو پہنچ گیا، انھوں نے آج انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا، آصف علی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستانی کی جرسی پہننا، قومی ٹیم کی نمائند گی کرنا اعزاز کی بات تھی۔

کرکٹر آصف علی نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہورہا ہوں، لیگ اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتا رہوں گا، شائقین، ساتھی کھلاڑیوں اور کوچز کا شکرگزار ہوں۔

33 سالہ آصف علی نے 2018 میں اپنا انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا، قومی ٹیم میں ڈیبیو سے قبل وہ چوتھے نمبر پر اچھی کارکردگی کے حامل رہے تھے جس کی وجہ سے سیلکٹرز کی نظریں ان پر پڑی تھیں۔

آصف علی نے 21 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 25.46 کی اوسط سے 382 رنز اسکور کیے جس میں 3 نصف سنچریاں شامل تھیں۔

ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں انھوں نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 58 میچز کھیلے، جس میں وہ ایک بھی سنچری یا نصف سنچری بنانے میں ناکام رہے، آصف علی نے مختصر فارمیٹ میں 15.18 کی اوسط سے 577 رنز اسکور کیے۔

بلے باز کا اپنے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ جب ڈومیسٹک میں اوپر کے نمبر پر کھیلنے کے بعد انٹرنیشنل میں نیچے کے نمبر پر کھیلتے ہیں تو چیلنجز سامنے آتے ہیں، انٹرنیشنل کرکٹ میں ہر کھلاڑی کو اپنے مخصوص بیٹنگ نمبر کے مطابق ٹریننگ کرنا ہوتی ہے۔