چوہوں نے اسپتال میں نوزائیدہ بچوں کے بازو کاٹ لیے

ٹک ٹاکر

بھارت میں چوہوں نے اسپتال میں نوزائیدہ بچوں کے بازو کاٹ لیے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اندور کے مہاراجا یشونت راؤ اسپتال (ایم وائی ایچ) میں چوہوں نے مبینہ طور پر دو نوزائیدہ بچوں کے بازو کاٹ لیے۔

بچوں کی پیدائش تین دن پہلے ہوئی تھی اور انہیں اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ (این آئی سی یو) میں داخل کرایا گیا تھا۔ اسپتال کی نرسنگ ٹیم نے جب نومولود کے زخمی بازو دیکھے تو اسپتال انتظامیہ کو اطلاع دی۔

اس کے بعد یونٹ میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کو اسکین کیا گیا اور چوہے نومولود بچوں کے قریب جھولے میں کودتے ہوئے دیکھے گئے۔ اتوار کو پہلا واقعہ سامنے آنے کے بعد ڈاکٹروں نے فوری طور پر نومولود کا علاج شروع کر دیا جبکہ آج بھی ایسا ہی ایک واقعہ سامنے آیا۔

یہ پڑھیں: ویڈیو: چوہے نے نومولود بچی کو چہرے پر کاٹ کر لہو لہان کر دیا

اسپتال کے این آئی سی یو میں چوہا دیکھا گیا جس نے انتظامیہ کو حیران کردیا۔

شعبہ اطفال کے سربراہ ڈاکٹر برجیش لاہوتی نے اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اشوک یادو کو اس معاملے سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر لاہوتی نے کہا کہ اسپتال چوہوں سے متاثر ہے اس معاملے سے فوری طور پر نمٹا جائے۔

ڈاکٹر یادو نے کہا کہ اسپتال میں کیڑوں پر قابو پانے کا کام پانچ سال پہلے کیا گیا تھا لیکن چوہوں کی تعداد پھر بڑھ گئی ہے کیونکہ مریض کے رشتہ دار اسپتال میں کھانا لاتے ہیں۔

واضح رہے کہ جنوری 2023 میں ساگر ضلع اسپتال کے مردہ خانے میں رکھی دو لاشوں سے چوہوں نے ایک ایک آنکھ کاٹ لی تھی۔

سول سرجن اور اسپتال کے تین ڈاکٹروں کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا تھا جون 2023 میں چوہوں نے ودیشہ کے ضلع اسپتال کے مردہ خانے میں رکھے ہوئے ایک بزرگ شخص کی ناک اور آنکھوں کو کاٹ لیا تھا۔