سوشل میڈیا بلوچستان میں منفی مقاصد کیلئے استعمال ہورہا ہے، وزیراعلیٰ‌ سرفرازبگٹی

کوئٹہ: وزیراعلیٰ سرفرازبگٹی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا بلوچستان میں منفی مقاصد کیلئے استعمال ہورہا ہے، اساتذہ نوجوانوں کوحب الوطنی کا درس دیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے تعمیرنو پبلک کالج میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو ریاست مخالف جذبات کی طرف دھکیلا جارہا ہے، تعمیرنو پبلک کالج سے اسلام اور پاکستانیت کی خوشبوآتی ہے، اساتذہ نوجوانوں کی کردارسازی میں اللہ کےمنتخب لوگ ہیں۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ ملک سے وفا کرنے والوں کوعزت ملی، بےوفا رسوا ہوئے، سوشل میڈیا بلوچستان میں منفی مقاصد کیلئے استعمال ہورہا ہے

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ نوجوان پروپیگنڈے کے بجائےعلم وتحقیق پر توجہ دیں، تشدد کے ذریعے آزادی کا خواب دیکھنے والے خام خیالی میں ہیں، بلوچ نوجوانوں کو لاحاصل جنگ کی طرف نہیں جانے دیں گے۔

انھوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اسکالرشپس کے ذریعے عالمی اداروں میں بھیجا جا رہا ہے، ریاست مخالف عناصر نوجوانوں کو خودکش حملوں کی طرف دھکیل رہے ہیں۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ ترقی کے عدم توازن کو ریاست دشمنی کا جواز نہیں بنایا جاسکتا، حکومت پر تنقید ہوسکتی ہے مگر ریاست سے غداری قابل قبول نہیں، آئین کا آرٹیکل 5 ریاست سے غیرمشروط وفاداری لازم قرار دیتا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ حکومت نے 12 ہزار نوکریاں شفاف انداز میں فراہم کیں، فضل باری شہید بلاک کیلئے فنڈز کی فوری فراہمی یقینی بنائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ علامہ اقبال انٹرنیشنل کانفرنس کے انعقاد کیلئے بھرپورمعاونت کریں گے، پاکستان سے محبت دلوں میں پیوست کرنا اصل کامیابی ہے۔