اسلام آباد میں آج پہلی مرتبہ کلاؤڈ برسٹ ہوا، ڈی جی میٹ

کلاؤڈ برسٹ

اسلام آباد : ڈی جی میٹ مہر صاحبزاد نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں آج پہلی مرتبہ کلاؤڈ برسٹ ہوا ہے، بھارت وقفے وقفے سے پانی چھوڑتا رہے گا۔

صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر بونیر میں ہونے والے تباہ کن کلاؤڈ برسٹ کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی بادل پھٹنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

کلاؤڈ برسٹ کے چند منٹ بعد ہی اسلام آباد کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، جی الیون میں ٹریفک سگنل پر ہر طرف پانی ہی پانی تھا وہاں کھڑی گاڑیاں بھی آسھے سے زیادہ ڈوب گئیں۔

اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی میٹ مہر صاحبزاد نے بتایا کہ اسلام آباد میں آج کلاؤڈ برسٹ بھی ہوا جو کہ پہلا واقعہ ہے، شہر اقتدار میں 55 منٹ میں 99ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بنگال کی طرف مون سون کے نئے سسٹم بن رہے ہیں، یہ مون سون سسٹم ہمارے شمالی علاقوں کو ہٹ کرتے رہیں گے۔

مہر صاحبزاد نے بتایا کہ کے پی، آزاد کشمیر میں زیادہ بارشیں ہونے کا امکان ہے، خیبر پختونخوا کے حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والی بارشوں، اربن فلڈنگ اور سیلابی ریلوں کے باعث صوبے کے مختلف اضلاع میں کافی نقصان ہوا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت کے اپنے ڈیمز بھی بھر چکے ہیں جو وقفے وقفے سے پاکستان کی جانب پانی چھوڑتے رہیں گے۔

ڈی جی میٹ کا مزید کہنا تھا کہ ستلج اور بیاس میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش نہیں رہی۔

اسلام آباد کے نواحی علاقے بارہ کہو کے ندی نالے بھی بپھرگئے، پنڈی میں بھی کئی علاقے زیر آب آگئے، نالہ لئی میں طغیانی، متعلقہ اداروں کو الرٹ کردیا گیا، مزید بارش کا امکان ہے، شہریوں کو ندی نالوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔