سائیکل چور فلمی انداز میں گرفتار : دلچسپ ویڈیو وائرل

سائیکل چور

کیلیفورنیا : مونرویہ پولیس نے ایک مبینہ سائیکل چور کو تعاقب کے بعد فلمی انداز میں رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

یہ واقعہ گزشتہ منگل کی شام کو پیش آیا واقعے کی ڈیش کیم ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے، جس میں پولیس افسر کو ملزم کے پیچھے دوڑتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ دنوں کچھ شہریوں کی جانب سے متعدد شکایات موصول ہوئیں کہ ایک لڑکا ہمارے گھروں کی باڑھیں پھلانگ کر گھروں میں گھسنے کی کوشش کررہا ہے، اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی۔

بعد ازاں ملزم لڑکے نے ایک گھر سے سائیکل چرائی اور تیزی سے مونرویہ ہائی اسکول کے کیمپس میں داخل ہوگیا اس دوران پولیس اہلکار بھی پکڑنے کیلئے کا اس کا تعاقب جاری رکھے ہوئے تھے۔

پولیس کو دیکھ کر سائیکل چور کے اوسان خطا ہوگئے تاہم اس نے سائیکل وہیں چھوڑ کر موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی۔

پولیس کی ڈیش کیم فوٹیج میں واضح نظر آرہا ہے کہ ایک پولیس افسر نے تیزی سے اس کا پیچھا کیا اور کچھ ہی دیر میں ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم سے برآمد ہونے والی سائیکل اس کے اصل مالک کے حوالے کردی گئی ہے۔