کراچی : ڈاکوؤں نے غریب فوڈ رائیڈر کو بھی نہ بخشا

کراچی : شہر قائد میں ڈاکوؤں کا راج برقرار ہے دن دہاڑے لوگ اپنی قیمتی اشیا اور نقدی سے محروم کردیے جاتے ہیں۔ گزشتہ رات بھی ڈاکوؤں نے ایک فوڈ رائیڈر سے اس کا موبائل فون چھین لیا۔

نقاب پوش ڈاکوؤں نے فوڈ رائیڈر کو لوٹ لیا، متاثرہ شخص نے پولیس کو بتایا کہ میرا سارا کام ہی موبائل فون سے چلتا ہے، اب کیا کروں گا؟

اے آر وائی نیوز کراچی کے نمائندے عدنان راجپوت کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں شاہراہ فیصل صدر تھانے کے قریب فوڈ رائیڈر سے ڈکیتی کی واردات کا واقعہ پیش آیا ہے۔

ایف ٹی سی پل کے نیچے کھڑا ایک فوڈ رائیڈر اپنے موبائل پر لوکیشن چیک کررہا تھا کہ اس دوران پیچھے سے ایک موٹر سائیکل پر 3 ملزمان آئے۔

ایک موٹرسائیکل سوار ڈاکو نے اس کا موبائل فون چھینا اور فرار ہوگیا، متاثرہ شہری نے بتایا کہ صدر پولیس واقعے کا مقدمہ درج کرنے میں ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔

دوسری جانب اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ہم نے ڈاکو کو پکڑنے کی کوشش کی لیکن وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

متاثرہ شہری نے کا دکھی انداز میں بتایا کہ میں لیاری کا رہائشی ہوں گزشتہ دو سال سے فوڈ رائیڈر کا کام کر رہا ہوں، میرا سارا کام موبائل فون سے چلتا ہے اب کیا کروں گا؟

مزید پڑھیں : کراچی میں اسٹریٹ کرائم اور موٹرسائیکل لفٹنگ میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

کراچی پولیس نے اسٹریٹ کرائم اور موٹرسائیکل لفٹنگ میں ملوث 2 کارندوں کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں سرجانی پولیس نے تیسر ٹاؤن میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم اور موٹرسائیکل لفٹنگ میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق ملزمان میں حیات اللہ اور شہاب شامل ہیں، کارروائی کے دوران ملزمان ارشد، اقرار اور رضوان لمبا فرار ہوگئے۔